ای میل کی نگرانی اورفون ٹیپ کرنےکا بل سینٹ سےمنظور
سیکوریٹی ایجنسیوں کو ای میل کی نگرانی اور ٹیلی فون ٹیپ کرنے کے اختیار کا بل قومی اسمبلی کے بعد سینٹ سے بھی منظور کرلیا گیا۔ سینٹ کے اجلاس میں کراچی کے خراب حالات پراے این پی اور جے یو آئی ف کی جانب سے واک آوٴٹ کیا۔جے یو آئی ف کے سینیٹر غلام علی کا کہنا تھا کراچی میں علماء کے قتل کی ویڈیو ٹی وی پر جاری کی گئی ۔ خفیہ ایجنسیاں ، پولیس فورس اور حکومت کسی کو گرفتار نہیں کر سکتی تو اُن کی کیا ضرورت ہے۔ اے این پی کے حاجی عدیل نے کہا کہ حالات بے قابو ہوچکے سول حکومت کراچی میں فوج طلب کرے ۔قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے ارکان نے کراچی کی صورتحال پر واک آؤٹ کیا ۔ایم کیو ایم کی درخواست پر وقفہ سوالات معطل کرکے کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال پر بحث کرائی گئی۔ ایم کیو ایم کے آصف حسنین کا کہنا تھاکہ کراچی کے شہری خوفزدہ ہیں ،صورتحال انتہائی خراب ہے مسلم لیگ ن کے ارکان نے وفاقی وزیر داخلہ کے کراچی سے متعلق بیان پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں ایوان میں بلانے کا مطالبہ کیا۔