Home » Gujranwala » عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے ملک میں ایک عظیم الشان تبدیلی لاسکتے ہیں،خالد عزیز لون

عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے ملک میں ایک عظیم الشان تبدیلی لاسکتے ہیں،خالد عزیز لون

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)نواز ٹولے اور زرداری ٹولے کے درمیان آنے والے الیکشن کے حوالے سے بندر بانٹ ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے راہنما خالد عزیز لون، سید ثاقب حسین شاہ، عثمان بسرا، سہیل احمد، ندیم بھٹی، حسیب بٹ، مصطفےٰ لون اور عمر سلمان نے کیا۔ انہوںنے کہا کہ مغل اعظم آصف علی زرداری اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد مشکل ہے ادھر پنجاب کا تعلیم اور صحت کا پورا بجٹ جنگلا بس پر لگا دیااور پنجاب کو کنگلا کر دیا ہے۔ 27 کلومیٹر کے سفر کیلئے غریبوں کو 70 ارب کا ٹیکہ لگا دیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کے عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ جمہوریت کو پٹری سے اتارنے اور انتخابات کو کسی بھی بہانے ملتوی کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ایسی کوئی کوشش سامنے آئی تو تحریک انصاف پوری قوم کو سڑکوں پر لے آئے گی عوام اپنے قائد عمران خان کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی دراصل سوچ و فکر کی تبدیلی کا نام ہے تحریک انصاف یہی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ انتخابات کے ذریعے ہی ملک کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔ عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے ملک میں ایک عظیم الشان تبدیلی لاسکتے ہیں۔