Home » Breaking » حکومتی اقدامات کے باعث میٹرو بسوں کے ذریعے سفری صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، شہباز شریف

حکومتی اقدامات کے باعث میٹرو بسوں کے ذریعے سفری صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، شہباز شریف

لاہور(بیورورپورٹ،میڈیاورلڈ لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث میٹرو بسوں کے ذریعے سفری صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔بسوں کے اندر اور بس سٹیشنز پر مسافروں کی رہنمائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ عوام نظم و ضبط کے ساتھ پنجاب حکومت کے اس عظیم الشان منصوبے سے مستفید ہوں۔ میٹرو بس سروس کے محض تفریحی مقاصد کیلئے استعمال کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے۔ قوم کے سرمائے سے تیار کئے گئے عظیم و قیمتی اثاثے کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ پولیس کی طرز پر میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے علیحدہ سکیورٹی نظام تشکیل دینے کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں جلد سفارشات پیش کی جائیں۔وہ آج ماڈل ٹاؤن میں میٹرو بس سسٹم کے آپریشنل امور سے متعلق قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ معاون خصوصی زعیم حسین قادری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، اراکین صوبائی اسمبلی مہراشتیاق احمد، حافظ میاںنعمان، رمضان صدیق بھٹی، سیکرٹریز داخلہ و اطلاعات، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے سمیت متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ محنت، دیانت اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہونے والے میٹرو بس سسٹم پر اب بسیں رواں دواں ہیں اور عوام کو بہترین اور جدید سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ منتخب نمائندوں ، سرکاری افسروں کی نگرانی اور بھرپور آگاہی مہم کے باعث عوامی شعور میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ارکان اسمبلی اور متعلقہ حکام مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں نبھائیں۔ عوام کی آگاہی کیلئے بس سٹیشنز پر پبلک ایڈریس سسٹم لگایا جائے۔ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دے۔ میٹرو روٹ اور بسوں کی صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ میٹرو روٹ پر آنے والی ہر غیرمتعلقہ گاڑی یا شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ روٹ کی سکیورٹی اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ میٹرو بس جیسے ٹرانسپورٹ منصوبے کیلئے عوامی سطح پر زبردست پذیرائی پائی جاتی ہے اور تنقید برائے تنقید کرنے والوں کے منہ بند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ میٹرو بس پراجیکٹ ان کی سہولت کیلئے تیار کیا گیا ہے اور یہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید نکھار آتا چلا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میٹرو بس سسٹم اور اس کی تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اس ضمن میں ہرممکن ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں میٹرو بسوں کے آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔