Home » Gujranwala » اساتذہ سے جو ناانصافیاں کی گئی ہیں ان کا ازالہ کروایا جائیگا، احسان گورائیہ

اساتذہ سے جو ناانصافیاں کی گئی ہیں ان کا ازالہ کروایا جائیگا، احسان گورائیہ

گوجرانوالہ:پرائمری اور ایلیمنٹری اساتذہ کے حقوق و مقام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن جدوجہد کی جائیگی اور نان گزٹیڈ اساتذہ سے جو ناانصافیاں کی گئی ہیں ان کا ازالہ کروایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار پیٹا پنجاب کے مرکزی چیئرمین احسان گورائیہ ،چیف کوارڈی نیٹر میلاد احمد ڈھلو ،قائمام ضلعی صدر امانت علی بٹ ،مرزا محمد امجد ،محمد اشفاق خاں ،چوہدری مسلم وڑائچ ،رانا منظور احمد خاں ،اویس قادری ،رانا مبشر اور ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر شاہد اقبال گوندل نے پیٹا گوجرانوالہ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اساتذہ کے مطالبات درج تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسان گورائیہ نے کہا کہ تعلیمی عمل میں نان گزٹیڈ ٹیچرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ مگر ان کو اکثریت تسلیم کرنے کے باوجود ہمیشہ سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ پیٹا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فوری طور پر منظور کیا جائے ۔ ہم جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہماری جدوجہد کا مقصد جائز حقوق کا حصول ہے اس لئے پولیس ملازمین کی طرح نان گذٹیڈ ٹیچرز کی تنخواہیں بھی خصوصی پیکیج کے تحت ڈبل کی جائیں ۔ پی ایس ٹی اساتذہ کو بنیادی سکیل بارہ اور ای ایس ٹی اساتذہ کو بنیادی سکیل چودہ دیا جائے ۔ ٹائم سکیل فارمولہ نافذ کیا جائے ۔تمام کنٹریکٹ ٹیچرز کو فی الفور مستقل کیا جائے ۔ تمام ایلیمنٹری مدارس میں اعلی تعلیم یافتہ اور پیشہ وارانہ قابلیت کے حامل اساتذہ کو سکیل سترہ میں ترقی دے کر اول مدرس لگایا جائے ۔ میرج گرانٹ ،تعلیمی وظائف ،تجہیز و تدفین فنڈز نان گزٹیڈ اور گزٹیڈ کی بنیاد کی بجائے یکساں کیے جائیں ۔ ایسے تمام اساتذہ جو پی ایس ٹی سے محکمانہ ترقی کر کے ای ایس ٹی بن چکے ہیں ان کی سنیارٹی لسٹ بطور پہلی تقرری پی ایس ٹی ریگولر سے شمار کی جائے ۔