Home » Gujranwala » غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ جاتی ہیں،محمد اکرم

غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ جاتی ہیں،محمد اکرم

گوجرانوالہ:گوجرانوالہ ایوان صنعت و تجارت کے صدر محمد اکرم بادشاہ ،نائب صدور ملک ظہیر الحق ،محمد فیصل افضل نے ایک مشترکہ بیان میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ جاتی ہیں ۔ ساری انڈسٹری بند اور لاکھوں محنت کش بے روزگار ہو رہے ہیں ۔ انڈسٹری متاثر ہونے سے پیداواری صلاحیت بھی ختم ہوتی جا رہی ہے اور کمر توڑ مہنگائی نے محنت کش طبقہ کو فاقہ کشیوں پر مجبور کر دیا ہے ۔ موجودہ سنگین ترین ملکی حالات نے بھی عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔ اس صورتحال سے تمام بزنس کمیونٹی بھی ذہنی اذیت میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اورتاجر حضرات ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اگر فوری طور پر کاروباری حضرات کو ریلیف نہ دیا گیا تو اس کے ملکی معیشت پر نہایت مضر اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بزنس کمیونٹی سمیت تمام عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کر کے اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے تاکہ ملک کی ڈوبتی ہوئی انڈسٹری کو سنبھالا ،بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے سیلاب اور بے روزگاری کے ”جن،، کو قابو کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی راتوں کی نیند اور دن کا سکون چھین لیا ہے جس کا ارباب اختیار کو فوری نوٹس لینا چاہیے ۔