Home » Sports » آئی سی سی کا پاکستان کیساتھ متعصبانہ رویہ ہے، پیرآفتاب

آئی سی سی کا پاکستان کیساتھ متعصبانہ رویہ ہے، پیرآفتاب

حیدرآباد: وفاقی وزیر کھیل پیر آفتاب شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارت کے دباوٴ میں آکر پاکستان سے متعصبانہ رویہ اختیار کر رہی ہے۔حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آفتاب شاہ جیلانی نے کہا کہ آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کے دباوٴ میں ہے اور اس ہی کی بالادستی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعصب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا پی سی بی کا آئین ماہرین کے مشورت کے بعد پیٹرن چیف صدر آصف علی زرداری کو بھیجوا دیا ہے ان کے دستخط کے بعد اسے نافذ کردیا جائے گا۔وفاقی وزیر کھیل نے بتایا کہ محمد یوسف، عمران نذیر اور عبدالرازاق انڈین کرکٹ لیگ سے معاہدہ ختم کرنے والے کرکٹرز کو قومی ٹیم میں ضرور شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی ایل کرکٹرز کے حوالے سے کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں ان کے حل ہوتے ہی کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔