Home » Entertainment » اداکار سنتوش کی 27ویں برسی آج منائی گئی

اداکار سنتوش کی 27ویں برسی آج منائی گئی

لاہور: پاکستان کے نامور اداکار موسٰی رضا المعروف سنتوش کمار کی ستائیسویں برسی جمعرات کو منائی گئی ۔قیام پاکستان کے بعد سنتوش فیملی نے پاکستان فلم انڈسٹری کی جو خدمت کی، اس سے کسی کو انکار نہیں۔ اس معروف فنکار فیملی کے افراد سنتوش کمار، صبیحہ خانم ، درپن ، نیئرسلطانہ ، ایس سلمان ، پنا اور منصور نے اداکاری ، ہدایتکاری اور فلمسازی کے شعبوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کو اْس وقت کی نوزائیدہ فلمی صنعت کے لئے وقف کر دیا تھا۔دھیمے لہجے میں مکالموں کی ادائیگی اور حقیقت سے قریب ترین اداکاری کرنے والے موسٰی رضا المعروف سنتوش کمار نے جہاں اپنے فن سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا، وہیں انہوں نے اچھے اخلاق کے باعث دلوں کو بھی تسخیر کیا۔فلم اسکرین پر صبیحہ اور سنتوش کی جوڑی مقبول ہوئی، تو وہ حقیقی زندگی میں بھی یک جان دو قالب ہو گئے۔ سنتوش کمار نے اپنی فنی زندگی میں نورجہاں ، راگنی ، سویرن لتا ، مسرت نذیر ، نیلو، نئیرسلطانہ ، شمیم آرا ، حسنہ ، بہار ، دیبا اور رانی کے مقابل مرکزی کردار ادا کئے۔پاکستان کے لیجنڈری اداکار سنتوش کمار کی فنکارانہ صلاحیتوں کا ایک زمانہ معترف رہا ہے ، ان جیسا عروج بہت کم اداکاروں کے حصے میں آیا ۔