Home » Entertainment » لاہور: کیلی گرافی پینٹنگز کی نمائش

لاہور: کیلی گرافی پینٹنگز کی نمائش

لاہور: لاہور کی دو آرٹ گیلریوں میں کیلی گرافی اور منی آچرز پینٹنگز کی نمائشیں جاری ہیں۔حمائل آرٹ گیلری میں ہونے والی بن قلندر کی خطاطی کی نمائش کا افتتاح پنجاب اسمبلی کے اسپیکر رانا محمد اقبال خان نے کیا۔غلام رسول قلندر کے بیٹے بن قلندر کی خطاطی کے فن پاروں میں عبارت ، ریاضت اور محنت واضح دکھائی دیتی ہے ۔اس جواں سال خطاط نے جہاں خطاطی کے فن کو لطیف قدروں کے ساتھ منفرد انداز دیا ہے، وہیں اس کے فن کے نمونوں میں قلندری رنگ نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔بن قلندر کی خطاطی کی نمائش کو دیکھنے کے لئے آرٹ گیلری میں فن خطاطی کے اساتذہ اور اس فن سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔مغلیہ دور کا منی آچر پینٹنگ آرٹ نوجواں مصوروں میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہا ہے۔ لاہور آرٹس کونسل کے زیر انتظام الحمرا آرٹ گیلری میں گروپ منی آچرز ایگزی بیشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں ستاون نوجوان مصوروں کے منی آچرز پینٹنگز کے نمونے رکھے گئے ہیں۔ ہر مصور نے اپنی بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئے تخیل کو منی آچر پینٹنگز کے ذریعے کینوس پر منتقل کیا۔ شائقین کی خاصی تعداد اس گروپ ایگزی بیشن کو دیکھنے کے لئے گیلری میں موجود تھی۔