Home » Business » ملک میں پانی ہے نہ ہی بجلی، راجا پرویز

ملک میں پانی ہے نہ ہی بجلی، راجا پرویز

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پنجاب حکومت کے خلاف حیدر علی شاہ کے ریمارکس پر مسلم لیگ ن اور اے این پی کے ارکان میں سخت جملوں کا تبادلہ، عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ پنجاب کیخلاف الزام تراشیاں نہ کی جائیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اے این پی کے رکن حیدر علی شاہ نے کہا کہ پنجاب میں پشتونوں کو دہشت گرد سمجھا جارہا ہے، اور پنجاب کی زمین پختونوں پر تنگ کردی گئی ہے، حیدر علی شاہ کے ان ریمارکس پر مسلم لیگ ن نے زبردست احتجاج کیا۔ جس پر دونوں جماعتوں کے ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کا کردار ادا کررہا ہے، اس کیخلاف الزام تراشیاں نہ کی جائیں۔شیخ آفتاب نے کہا کہ اخباری خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، یہ ملک کسی ایک قومیت کا نہیں، سترہ کروڑ عوام کا ہے، کسی کو شکایت ہے تو ہمارے ساتھ بات کرے۔ وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا کہ کسی کو قومیت کی بنیاد پر گرفتار نہیں کیا جارہا، پنجاب میں پشتونوں کی گرفتاری سے متعلق آئی جی اور ہوم سیکرٹری سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جو پیر کو ایوان میں پیش کردی جائے گی۔ طالبان پختون ضرور ہیں لیکن سارے پشتون طالبان نہیں۔ ایک منتخب وزیر اعظم نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کیا تھا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ساحل نقاش کے اغوا میں ملوث فرانس اور اسپین میں گرفتار ملزمان کا ٹرائل پاکستان میں ہوگا۔اس سے قبل وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر پانی و بجلی راجا پرویز اشرف نے بتایا کہ ملک میں پانی ہے نہ بجلی، جس کی وجہ سے توانائی کا بحران پیدا ہوا اور لوڈشیڈنگ کرنی پڑرہی ہے۔ ایران سے بارہ سو میگاواٹ بجلی کی درآمد میں پانچ سال لگ جائیں گے۔ ان کا موٴقف تھا کہ کے ای ایس سی کو یومیہ ساڑھے چھ سو سے سات سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، تاہم گیس کی مکمل سپلائی نہیں ہورہی۔ بھاشا دیامر ڈیم پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ملک بھر میں بتیس چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے۔ تیرہ ڈیمز دو ہزار تیرہ تک مکمل ہوں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اب کل صبح دس بجے ہوگا۔