Home » Business » توانائی کا بحران ترقی کی راہ میں حائل ہے،امین

توانائی کا بحران ترقی کی راہ میں حائل ہے،امین

لاہور: وفاقی وزیر صنعت و تجارت مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران صنعتی ترقی کی راہ میں حائل ہے اور موجودہ حکومت اس کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔لاہور پولو کلب میں فائنل کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ سابق حکومت نے ایک میگا واٹ بجلی کی پیداوار کے لئے یونٹ نہیں لگایا جس کی وجہ سے قوم آج لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران کو حل کرنے کئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے پندرہ اپریل تک بجلی کے شارٹ فال پر قابو پانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ صنعتی ترقی کے لئے بجلی اور گیس انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے تاجر اور صنعتکار طبقے سے بھی مشاورت کر رہی ہے۔امین فہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کی عالمی جنگ میں فرنٹ اسٹیٹ کے طور پر لڑ رہا ہے جس کی وجہ سے عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز بھی ادھر خرچ کردئیے جاتے ہیں جس سے مہنگائی اور عوام کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ امریکا اور مغرب سے بھی پیسے کے بجائے تجارت اور صنعتی ترقی میں مدد کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔