Home » Entertainment » نصرت فتح علی کو ہم سے بچھڑے تیرہ سال ہوگئے

نصرت فتح علی کو ہم سے بچھڑے تیرہ سال ہوگئے

لاہور : برصغیر کے معروف گائیک نصرت فتح علی خاں کی تیرہویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔نصرت فتح علی خاں کا خاندان تقسیم ہند کے بعد مشرقی پنجاب سے فیصل آباد منتقل ہوا۔ قوالی سے گائیکی کا آغاز کرنے والے نصرت فتح علی خاں کو موسیقی سے حد درجہ لگاوٴ تھا ، مسلسل ریاضت سے انہوں نے فن موسیقی کی نئی راہیں کھوجیں۔ان کا فن سرحدوں کا پابند نہیں تھا ، ان کی گائیکی کی خوشبو ہر اس جگہ پہنچی جہاں مشرقی موسیقی سے رغبت رکھنے والے موجود تھے۔ انہوں نے خطے کی موسیقی میں بدیسی سازوں کو موٴثر انداز میں استعمال کیا،وہ ایک جیسی بحر اور وزن سے مختلف دھنیں ترتیب دینے میں کمال رکھتے تھے۔انگلینڈ کے پروموٹر اور ارینجر پیٹر گیبریل نے ان کے بے مثال فن سے استفادہ کیا۔ موسیقار اے آر رحمان نے ان کی آواز کو بھارت کے قومی ترانے وندے ماترم میں استعمال کیا۔ ہالی وڈ کے فلم میکرز نے ان کے الاپ اپنی فلموں میں شامل کئے۔ سترہ اگست انیس سو ستانوے کو فن موسیقی کا یہ روشن ستارہ اپنے چاہنے والوں کو دائمی جدائی کا داغ دے گیا۔ نصرت فتح علی خاں نے کمال فن سے دنیا کو تسخیر کیا ، زمانہ اس عظیم فنکار کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گا ۔