Home » Business » ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 100ارب اضافے کا فیصلہ

ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 100ارب اضافے کا فیصلہ

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایاگیاہے کہ نئے مالی سال میں ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں ایک سو ارب روپے سے زائد کا اضافہ کیاجائے گا۔ نئے بجٹ میں زرعی ٹیکس بھی لگایا جاسکتا ہے ،جبکہ بجلی بلوں پر موجودہ 17 فیصد سب سڈی کو بھی ختم کردیا جائے گا ۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ امور کااجلاس فوزیہ وہاب کی صدارت میں ہوا، جس میں ریونیو وصولی ، ٹیکس نظام اور ایف بی آر کو ریونیو وصولی میں درپیش کمی کے معاملات پرغورکیاگیا۔ سیکریٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ اگلا سال ملک میں صنعت کے فروغ کا سال ہوگا۔ نئے مالی سال میں ریونیو وصولیوں کا ہدف14سو چار ارب روپے رکھا جائے گا۔ ان کاکہناتھاکہ رواں مالی ریونیو وصولی کا13سو ارب روپے کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ۔1179 ارب کی وصولیاں متوقع ہیں اور اس کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات قیمتوں اور درآمدات میں کمی ہے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان اگلے مالی سال کے ابتدائی6 ماہ میں کردیا جائے گا ۔