رائے ونڈ:پاکستان میں امریکا اور یورپی یونین کے سفیروں نے مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نواز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن میں سوات آپریشن اوربے گھرہونے والے متاثرین کی بحالی پرتبادلہ خیال کیاگیا۔رائے ونڈفارم میں امریکی سفیراین ڈبلیوپیٹرسن کی نوازشریف سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورلاہورمیں امریکی قونصلیٹ کے پرنسپل آفیسربرائن ڈی ہنٹ بھی موجود تھے۔ میاں نواز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پوری قوم اور تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے یکسو ہوکرسوات میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کی حمایت کی اور اس کے نتیجے میں15لاکھ افراد بے گھرہوگئے ہیں جن کے لئے فوری امداد کی ضرورت ہے۔ جبکہ ان کی جماعت اپنے طور پر متاثرین کی بحالی کے لئے امداد فراہم کررہی ہے لیکن آپریشن کے بعد کی صورت حال تعلیم صحت اور انفرااسٹرکچر کی بحالی کے امریکہ فراخدلانہ امداد فراہم کرے۔ امریکی سفیر کا کہناتھا کہ امریکہ کو پاکستان کی مشکلات کا احساس ہے اور مہاجرین کی دوبارہ آباد کاری میں پورا تعاون کریں گے جس کے لئے امریکی سینیٹ نے بھی منظوری دی ہے۔یورپی یونین سفیرجیم ڈی کک کا کہناتھاکہ یورپی یونین کے ممالک بھی مہاجرین کی آبادکاری میں ہر طرح کی امداد فراہم کریں گے انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں کام یابی حاصل کرے اور متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد امن بحال ہو۔