کراچی: بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے تحقیق بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بہبود آبادی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ محکمہ بہبود آبادی اور محکمہ صحت مشترکہ طور پر کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے ہینڈز کے پروجیکٹ فلاح کے تحت صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کی مہمان خصوصی وزیراعظم کی خصوصی مشیر شہناز وزیر علی تھیں۔ دیگر مقررین میں صوبائی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر جام مہتاب ڈھر، صوبائی سیکرٹری صحت سید ہاشم رضا زیدی، صوبائی اسپیشل سیکرٹری پبلک ہیلتھ ڈاکٹر عبدالماجد، صوبائی سیکرٹری بہبود آبادی محمد صدیق میمن اور ڈاکٹر فیروز میمن شامل تھے۔ اس موقع پر شہناز وزیر علی نے لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بدولت حکومت عوام کو ان کی دہلیز تک صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں کامیابیاں حاصل کر پائی ہے۔ ڈاکٹر جام مہتاب ڈھر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے بچوں کی پیدائش میں وقفہ کا شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی نے سندھ کے تمام علاقوں میں بہبود آبادی کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت محمد ہاشم رضا نے کہا کہ بچوں میں وقفہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لئے ضروری ہے۔