May 21, 2009
ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے اور ہمیں اسی کے پیشِ نظر اپنی پالیسیاں بنانا ہونگی۔انہوں نے یہ بات ملتان ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ محاذآرائی پاکستان کے مفاد میں نہیں ۔حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ افغانستان سے تعلقات بہتر بنائیں۔ بھارت کیساتھ مسائل کو بھی حل کیا جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پچھلی حکومت کے دور میں بھی ہو رہے تھے لیکن موجودہ حکومت نے اس پر احتجاج کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مالاکنڈ ایجنسی میں آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کے لیے حکومت نے جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔متاثرین کی امداد کیلئے سرحد حکومت کو ایک ارب روپے فراہم کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی این جی اوز متاثرین کیلئے امدادی رقوم ڈالر کی شکل میں اکاؤنٹ میں جمع کراسکتی ہیں ۔