دوسوچوبیس ملین ڈالرامدادکے وعدے

اسلام آباد: عالمی برادری کا بے گھر ہونے والے افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بائیس کروڑ چالیس لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ ، اقوام متحدہ کی طرف سے متاثرین کیلئے پچاس سے ساٹھ کروڑ ڈالر کی باضابطہ اپیل کل کی جائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عالمی برادری پر واضح کیا ہے کہ ہمیں مدد تو درکار ہے لیکن اس کے انتظار میں بیٹھے نہیں رہ سکتے۔ حنا ربانی کھر نے بتایا کہ نقل مکانی کرنے والے تمام خاندانوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مقاصد کیلئے ایک ارب ڈالر درکار ہوں گے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے مثبت ردعمل کا مظاہرہ کرے۔ڈونر کانفرنس میں جاپان نے چار کروڑ پینتیس لاکھ، امریکا نے گیارہ کروڑ ، برطانیہ نے ایک کروڑ چوراسی لاکھ، فرانس نے ایک کروڑ تریسٹھ لاکھ، جرمنی نے ایک کروڑ چھیئتر لاکھ، کینیڈا نے بیالس لاکھ تیس ہزار، ڈنمارک اور چین نے دس دس لاکھ، ناروے نے ستائیس لاکھ جبکہ یورپی کمیشن نے پچانوے لاکھ بیس ہزار ڈالر امداد کے اعلانات کئے ہیں۔