سوات: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرمارشل راؤقمرسلیمان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے سوات میں شدت پسندوں کے تربیتی کیمپ،اسلحہ ڈپو،اور خفیہ ٹھکانے تباہ کردیے ہیں ۔ وہ ایک آپریشنل بیس پرسوات میں جاری آپریشن میں حصہ لینے والے پائلٹوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ آرمی کے ساتھ مل کر حکومتی رٹ بحال کرنے اور عسکریت پسندی کے خاتمہ کے لیے کارروائی کررہے ہیں ۔ راؤ قمرسلیمان کاکہناتھاکہ پاک فضائیہ آبادی سے ہٹ کر علاقوں میں شدت پسندوں کے ان ٹھکانوں پر حملے کررہی ہے ، جہاں آرمی کا پہنچنا مشکل ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے بتایاکہ پاک فضائیہ نے نقل مکانی کرنیوالے250خاندانوں کے لیے ایک ریلیف کیمپ اور فیلڈ اسپتال قائم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ پاک فضائیہ کے طیارے مختلف شہروں سے امدادی سامان ریلیف کیمپوں تک پہنچانے میں جلدحصہ لیں گے ۔