متاثرین کے دل جیتنے کیلئے عالمی برادری بھرپور تعاون کرے،وزیراعظم

اسلام آباد:سوات اور بونیر سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے ، اسلام آباد میں ڈونرز کانفرنس جاری ہے، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو متاثرین کے دل جیتنے کیلئے عالمی برادری کا بھرپور تعاون درکار ہے۔متاثرین ملاکنڈ ڈویژن کے لئے اسلام آباد میں منعقدہ ڈونرز کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ہم نے متاثرہ عوام کے دل بھی جیتنے ہیں اور اس حکومت اس کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ متاثرین کی امداد اور بحالی میں اقوام متحدہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کے لئے حکومت نے ابتدائی طور پر دو ارب روپے مختص کیئے ہیں۔ پرائم منسٹر سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس ڈونرز کانفرنس میں تمام اہم ممالک کے سفارت کار ، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر ، اور اس ادارے کے تمام متعلقہ ذیلی شعبے ، ورلڈ بنک، ایشیائی بنک اور دیگر ڈونر اداروں کے نمائیندے شریک ہیں ۔ متاثرین کیلئے قائم حکومت پاکستان کے اسپیشل سپورٹ گروپ کی طرف سے متاثرین کی امداد کے لئے ڈونرز کانفرنس میں ایک ارب چھ کروڑ ڈالر امداد کی اپیل تیار کی گئی ہے ۔