لاہور: حکومت پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اندرون ملک بے گھر ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتی ہے کیونکہ یہ انکا ملک ہے اور صوبہ پنجاب میں کسی کے آنے پر کوئی پابندی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔جو سوات اور بونیر سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب بھی موجود تھے۔نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت اور مسلم لیگ (ن) متاثرین کی امداد میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی اور آج بھی آٹے کے 28000تھیلوں پر مشتمل پچاس ٹرک اور 4000پنکھے روانہ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے اس وقت تک حکومت پنجاب انہیں مفت آٹا فراہم کرتی رہے گی چاہے وہ کہیں بھی قیام پذیر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو آنے جانے سے روکنا قومی لحاظ سے برا اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس لیے متاثرین کو پنجاب آمد سے روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ صدر پنجاب مسلم لیگ (ن) سردار ذوالفقار علی کھوسہ،سینٹیر اسحاق ڈار،سینٹیر پرویز رشید،شیخ آفتاب احمدایم این اے اور دیگر نے شرکت کی۔