رات گئے بنوں کا سرائے نورنگ میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ سے چھ جوان شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں چار شدت پسند مارے گئے۔ واقعہ کے بعدکرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ حملےکی ذمہ داری کالعدم طالبان نے قبول کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد صبح چار بجے کے قریب کیمپ کی پچھلی دیوار میں نقب لگا کر اندر داخل ہوئے اور راکٹ لانچر اور بھاری اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا۔ حملےمیں آٹھ سيکيورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے جن کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔حملے کے بعد سيکيورٹی فورسز نے بنوں ڈيرہ روڈ کو ہر قسم کے ٹريفک بند کر ديا جبکہ قريبی رہائشی علاقوں ميں لاوڈ اسپيکر کے ذريعے اعلانات کر ديے گئے ہیں کہ کوئی بھی اپنے گھروں سے باہر نہ نکلے۔جائے وقوعہ پر ميڈيا کی ٹيموں کو جانے سے بھی روک ديا گيا ہے حملے ميں چھوٹے اور بڑے ہتھياروں کا استعمال ہوا ہے راکٹ لانچر اور بم دھماکوں سے علاقہ گونجتا رہا۔