لاہور(بیورورپورٹ ،میڈیاورلڈ لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تحلیل کے حوالے سے دائر کی گئی پٹیشن کے فیصلے سے نووارد شعبدہ بازوں کی نیت اور خارجی ایجنڈا واضح ہو گیا ہے۔ اٹارنی جنرل نے پٹیشن کی حمایت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ شعبدہ بازوں کے پیچھے زرداری صاحب کا ہاتھ ہے۔ عام انتخابات کو التواء میں ڈالنے کی سازش کرنے میں زرداری صاحب خود شامل ہیں اور انہوں نے انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ میں آج بھی یہ کہتا ہوں کہ زرداری کو قوم کا پیسہ واپس لانا ہوگا۔ انتخابی اصلاحات اچھی بات ہے۔ سیاسی بنیادوں پراربوںوکھربوں روپے کے قرضے معاف کرانے، ٹیکس نہ دینے والوں ، ٹیکس نمبر حاصل نہ کرنے والوںاورنادہندگان کو انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایکسپو سنٹر جوہرٹاؤن میں 27 ویں لاہور انٹرنیشنل بک فیئر 2013ء کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ معروف صحافی و سیکرٹری جنرل لاہور انٹرنیشنل بک فیئر ٹرسٹ نجم سیٹھی، چیئرمین لاہور انٹرنیشنل بک فیئرٹرسٹ زبیر سعید، سیکرٹری اطلاعات ، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشنز، طلبا و طالبات اور کتب بینی کا شغف رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔لاہور انٹرنیشنل بک فیئر کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے بک سٹالز کا دورہ کیا۔میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربوں اور کروڑوں روپے کی کوٹھیوں اور محلات میں رہنے والے ٹیکس تک نہیں دیتے جبکہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران اربوں روپے کے قرضے سیاسی طور پر معاف کرائے گئے ہیں۔ ایسے افراد کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا حق نہیں پہنچتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری نے بیدردی سے قومی وسائل کو لوٹا ہے۔ انہیں چاہیئے کہ وہ قوم کے پیسے واپس کردیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کرنے کے حوالے سے پٹیشن پر فیصلے سے سیاسی شعبدہ بازوں کی اصل نیت سامنے آ گئی ہے۔ زرداری بھی انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن عوام انہیں ان کے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 7 برس تک سرد فضاؤں کے مزے لینے والے اب اچانک وارد ہوئے ہیں اور وہ غیرملکی ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔ اب میری یہ بات ثابت ہوگئی ہے۔ میٹرو بس سروس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کا عظیم الشان منصوبہ عام آدمی کیلئے بنایا گیا ہے۔ یہ قوم کا اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت ان کی بھی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ میٹرو بسوں میں سفر کے دوران ڈسپلن کا خصوصی خیال رکھیں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں کیونکہ یہ آپ کی سواری ہے اور آپ ہی نے ان میں سفر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے کرائے کے تعین کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اس ضمن میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کے ساتھ انسان کا روز اول سے تعلق چلا آ رہا ہے۔ کتاب اور انسان کا یہ واسطہ ابد تک رہے گا۔ انٹرنیشنل بک فیئر کا انعقاد اچھی کاوش ہے۔ منتظمین اور پبلشرز کو اس شاندار بک فیئر کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انٹرنیشنل بک فیئر لوگوں کا کتاب سے تعلق جوڑنے اور کتب بینی کا رجحان بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مطالعے کا شوق بڑھائے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انٹرنیشنل بک فیئر کا افتتاح کیا۔ کتاب میلے میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا۔ پاکستان، برطانیہ، جرمنی، امریکہ، بھارت، ترکی اور دیگر ممالک کے 300 سے زائد پبلشرز نے بک فیئر میں اپنے سٹال لگائے ہیں۔ یہ کتاب میلہ 14 سے 18 فروری تک جاری رہے گا۔ پبلشرز نے سٹالوں کے معائنے کے دوران وزیراعلیٰ کو قرآن مجید سمیت دیگر مختلف کتابوں کے تحائف پیش کئے۔