Home » Sports » ہاکی کے آٹھ کھلاڑیوں کا فیڈریشن کیخلاف بغاوت کا اعلان

ہاکی کے آٹھ کھلاڑیوں کا فیڈریشن کیخلاف بغاوت کا اعلان

کراچی:پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک نئے بحران کی زد میں آ گیا ہے اور پاکستان ہاکی ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں نے فیڈریشن کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے ورلڈ سیریز ہاکی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ سابق کپتان زیشان اشرف اور عدنان مقصود بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔ ورلڈ سیریز ہاکی میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں سابق کپتان ریحان بٹ،شکیل عباسی اور وسیم احمد بھی شامل ہیں۔ بھارت روانہ ہونے سے قبل ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نہ تو ڈومیسٹک کھیلنے دیتی ہے اور نہ ہی ٹیم میں شامل کرتی ہے۔ ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہاکی ان کا روزگار ہے۔ جب پاکستان میں نوکری نہیں ملے گی تو بیرون ملک ہی کھیلنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں یشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ان کے ساتھ کیے گئے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہ مزیدکہا کہ ہاکی کھیلنے جا رہے ہیں، کوئی گناہ نہیں کر رہے۔ دوسری جانب سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی غلط بیانی کر رہے ہیں۔ انہیں کھیلنے کے مواقع دیے جا رہے ہیں، ان کی تنخواہوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے،کبھی کسی کے پیسے نہیں روکے۔نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ سیریز کھیلنے والے زیادہ کھلاڑی ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔