Home » Gujranwala » دنیا اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے آج مسلمانوں کو بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے، اکبر نقشبندی

دنیا اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے آج مسلمانوں کو بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے، اکبر نقشبندی

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)سنی اتحاس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ یادگار خلیل کانفرنس سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے اطاعت الٰہی اور قربانی کی جو عظیم روایت قائم کی ہے دنیا اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے آج مسلمانوں کو بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے،قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے اپنی نفسانی خواہشات و ضروریات کی قربانی عید قربان کی اصل روح ہے،انہوں نے کہا کہ حج اور قربانی کو یکجا کر کے بتا دیا کہ حج اتحاد اور قربانی جذبہ ایثار کا نام ہے،قربانی ہر صاحب استطاعت مسلمان پر واجب ہے بدلے میں رقم دینا جائز نہیں،ایثار و قربانی معاشرے سے انتہا پسندی کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے،سنت ابراہیمی اورسنت رسول کریم کے موقع پر غریبوں کو کسی صورت نہ بھولا جائے،عید پر حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے،عید پر ون ویلنگ خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کرے۔اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد داؤد رضوی،پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی،الحاج سرفراز احمد تارڑ،مفتی محمد حسین صدیقی،مفتی غلام نبی جماعتی،پیر عمار سعید سلیمانی،مفتی محمد سعید رضوی،قاری غلام سرور حیدری،قاری محمد اعظم چشتی،حافظ محمد سعید زین اور دیگر نے خطاب کیا۔