Home » Breaking » کامران فیصل کی میت میاں چنوں پہنچ گئی

کامران فیصل کی میت میاں چنوں پہنچ گئی

رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی میت ان کے آبائی شہر میاں چنوں پہنچا دی گئی، جہاںآ ج ظہرکے بعد ان کی نماز جنازہ اداکی جائے گی اور اس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا جائے گا۔وہ گزشتہ روز فیڈرل لاجز اسلام آباد میں مردہ پائے گئے۔پولیس کے مطابق انہوں نے پنکھے سے لٹک کرخود کشی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق رینٹل پاور کیس کی تحقیقات کے دوران کامران فیصل پر شدید دباوٴ تھا اور انہوں نے مقدمے سے الگ ہونے کی درخواست دے رکھی تھی تاہم لواحقین نے خود کشی کے دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کامران فیصل مضبوط اعصاب کے مالک تھے۔ رینٹل پاور کیس میں نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل مئی دو ہزار گیارہ تک کوئٹہ میں فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔کامران فیصل کی فرانزک رپورٹ سات سے دس دن میں آنے کے امکانات ہیں۔اس سے قبل اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال میں چھ ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے کامران فیصل کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جس میں تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ لگا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد مرحوم کی میت ان کے ماموں محمد اقبال کے حوالے کی گئی۔