Home » Gujranwala » انشاء اللہ عمران خان ہی اصل نجات دہندہ ثابت ہونگے،ایس اے حمید

انشاء اللہ عمران خان ہی اصل نجات دہندہ ثابت ہونگے،ایس اے حمید

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریکِ انصاف کی پولیٹیکل اور سٹریجک کمیٹی کے رُکن اوراُمیدوار قومی اسمبلی حلقہ 96ایس اے حمید نے کہا ہے کہ پچھلی 4دھائیوں سے حکمرانوں نے کرپشن اور شعبدہ بازی کی جو داغ بیل ڈالی ہے وہ آج آکاش بیل بن کر وطن عزیز کو زردی مائل کر چکی ہے حکومت کے مالی اور انتظامی معاملات کا منظر عام پر آنا قومی مفاد میں ہے اس پر کمیشن بٹھا کر حقائق تک پہنچنا ہی انصاف اور آئین کے تقاضے پورے کرے گا۔ عمران خان کی سیٹی نے خواب خرگوش سے بیدار کیا ہے اور زرداری ،نواز رشتہ جو ایک جان میں ڈھل چکا تھا اور بچوں کو منتقل ہوا ہی چاہتا تھا وہ عمران خان کے ظہور نے بد مزہ کر دیا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر این اے 96کی سرکردہ شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ساز کرپشن کے بعد حکمرانوں کو عوام کی یاد ستائی ہے اور اب وہ بھاگم بھاگ عوام پر نوازشات کی بارش برسا رہے ہیں جو رائیگاں ہی جائے گی۔موجودہ حالات میں عام آدمی کی آہ و بکا اور عوامی دولت کے بہیمانہ استعمال پر شور و غوغا چیف الیکشن کمشنر کی توجہ کا متقاضی ہے اگر عوام کی تکلیف اور اصل مسائل کا اب بھی احساس نہ کیا گیا اور بھیڑیوں کا چارہ بننے دیا گیا تو پھر انقلاب فرانس کے آنے کی حکمران اشرافیہ کو جیسے چاپ سنائی نہیں دی تھی اور وہ انقلاب غریبوں کی اشک شوئی میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والوں کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ایس اے حمید نے کہا کہ بالکل ایسے ہی کرپشن ، شعبدہ بازی اور گونا گو مسائل و مشکلات میں گھری ستائی عوام کھڑی ہوگی اور ایک ایک کو چن چن کر موت کے گھاٹ اتارنے کے ساتھ ساتھ گلیوں میں بھی گھسیٹے گی۔ آئندہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کو بچانے کا آخری موقع ہے ۔تبدیلی کے آگے کرپٹ اور شعبدہ باز ناکامی سے دوچار ہونگے ۔انشاء اللہ عمران خان ہی اصل نجات دہندہ ثابت ہونگے۔