Home » Business » پنجاب بجٹ : مجموعی حجم 460ارب رہنے کاامکان

پنجاب بجٹ : مجموعی حجم 460ارب رہنے کاامکان

لاہور: پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم تقریباً چار سو ساٹھ ارب روپے کے لگ بھگ رہنے کا امکان ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم پونے دو سو ارب روپے سے زائد مقرر کیا جارہا ہے۔ پنجاب بجٹ برائے مالی سال دوہزار نو دس سولہ جون کو پیش کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ سہ پہرتین بجے صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے بجٹ کا مجموعی حجم چار سو ساٹھ ارب روپے کے لگ بھگ رہے گا جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ایک سو پچھتر ارب روپے سے زائد کے وسائل مختص کئے جائیں گے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبے میں ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے تحت خدمات کے مزید شعبوں پر ٹیکس عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے شرح کے مطابق اضافہ ہوگا۔ پنجاب کے نئے ترقیاتی پروگرام میں تعلیم، صحت ، واٹر سپلائی، زراعت اور آبپاشی کے منصوبوں کے لئے رقوم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا جبکہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے مختص فنڈز میں بڑی کٹوتی کردی جائے گی۔