Home » Sports » سہواگ کی 219رنز کی ریکارڈ سازاننگز،ویسٹ انڈیزکو 419رنز کاہدف

سہواگ کی 219رنز کی ریکارڈ سازاننگز،ویسٹ انڈیزکو 419رنز کاہدف

بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے ایک روزہ کرکٹ میں 219 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا ۔چوتھے ون ڈے میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کے سامنے فتح کیلئے 419 رنز کا ہمالیہ کھڑا کر دیا ۔اندور میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شروع ہی سے سہواگ ویسٹ انڈیزین بالرز پر چھائے رہے ۔گوتم گھمبیر اور سہواگ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں بائیس اعشاریہ پانچ اوورز میں بھارت کو 176 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ۔ گوتم 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سریش رائنا نے سہواگ کا ساتھ دیا اور دوسری وکٹ میں 140 رنز کا اضافہ کیا ۔ رائنا 55 رنز بنا کر 316 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ 341 کے مجموعی اسکور پر رویندر جدیجا بھی دس رنز بناکر آؤٹ ہو گئے ۔دوسری جانب سہواگ نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی اور کسی بالر کو خاطر میں نہ لایا۔ انہوں نے 149 گیندوں پر 25 چوکوں اورسات بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 219 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ اس طرح سہواگ نے ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ۔ وہ 376 کے مجموعی اسکور پر پولارڈ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ان کے ہم وطن سچن ٹنڈولکرکے پاس تھا جنہوں نے 24 فروری دو ہزار دس کو جنوبی افریقہ کے خلاف گوالیار میں دو سو ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیل کر سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔تین سو ترانوے کے مجموعے پر روہت شرما بھارت کے پانچویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے جنہوں نے 27 رنز بنائے ۔ویرات کوہلی 23 جبکہ پارتھیو پاٹیل تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس طرح بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کوئی بھی بالررنز کے دریا کے سامنے بندھ نہ باندھ سکا ، کیمر روئچ ، اینڈریو رسل اور کیون پولارڈ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔