Home » Entertainment » لاہور: کل پاکستان محفل مشاعرہ

لاہور: کل پاکستان محفل مشاعرہ

لاہور: اورئینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی لاہور میں نامور شعرا نے اپنے کلام سے کل پاکستان محفل مشاعرہ لوٹ لیا ۔پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج لاہور میں ہونے والے کل پاکستان محفل مشاعرہ کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران تھے۔ کل پاکستان مشاعرے کا انعقاد بتیس سال کے طویل تعطل کے بعد ممکن ہو سکا ہے۔ اس قسم کے مشاعرے اورئینٹل کالج کی ادبی روایت ہیں جس کو طویل مدت سے پورا نہیں کیا جا سکا تھا۔ مشاعرے میں طالب علموں کی شرکت بھر پور تھی اور اورئینٹل کالج کا سبزہ زار نوجوان نسل سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔طالب علموں کا شعری ذوق اور انہماک قابل تحسین تھا جو ان کے خوش ذوق ہونے کی دلیل ہے۔ جن شعرا کرام نے اس محفل مشاعرہ میں اپنا کلام سنایا ان میں خالد شریف ،ناہید شاہد ، صائمہ کامران ، اوریا مقبول جان ، راشد متین ، تنویر مرشد،مشکور حسین یاد ،صفدر سلیم سیال ، یاسمین حمید ، عنائت علی خان اور افتخار عارف نمایاں تھے ۔طالب علموں نے سنجیدہ اور نظریاتی شاعری کے علاوہ مزاحیہ شاعروں کے کلام کو بھی بے حد پسند کیا۔ ملک کے معروف مزاحیہ شاعر انور مسعود اس محفل مشاعرہ کی جان تھے۔ انہوں نے طالب علموں کی فرمائش پر اپنی کئی مزاحیہ نظمیں سنا کر مشاعرہ لوٹ لیا۔