Home » Business » پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو سے سات فیصد تک اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو سے سات فیصد تک اضافہ

اسلام آباد: اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو سے سات فیصد تک اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں اوگرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانس جواد نسیم نے نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ پٹرول کی قیمت دو روپے ستاون پیسے اضافے کے ساتھ تہتر روپے چودہ پیسے ہو گئی ہے۔ایچ او بی سی کی قیمت ایک روپیہ پچاس پیسے اضافے کے ساتھ ستاسی روپے چھپن پیسے،مٹی کے تیل کی قیمت تین روپے اکتیس پیسے اضافے کے ساتھ چونسٹھ روپے اکیاسی پیسے،لائٹ ڈیزل دو روپے تہتر پیسے اضافے کے ساتھ باسٹھ روپے بیس پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل تین روپے پچاس پیسے اضافے کے ساتھ تہتر روپے انتالیس پیسے،جے پی ون کی قیمت تین روپے انتیس پیسے اضافے کے ساتھ چون روپے چون پیسے،جے پی فور کی قیمت تین روپے اکتالیس پیسے اضافے کے ساتھ ترپن روپے دس پیسے اور جے پی ایٹ کی قیمت تین روپے تیس پیسے اضافے کے ساتھ چون روپے چھبیس پیسے ہو گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔