Home » News » پاک بھارت رینجرز کا اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھا م کیلئے اہم پیش رفت

پاک بھارت رینجرز کا اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھا م کیلئے اہم پیش رفت

  • Publish on October 14, 2009 in News
  • |
  • by admin

لاہور:پاکستان رینجرز کے بریگیڈیئرشفقت نوازنے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم پیش رفت ہوئی ہے، سرحد پار راکٹ برسائے جانے کے واقعات کے بارے میں اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بریگیڈیئر شفقت نوازنے یہ بات پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی سہ ماہی میٹنگ کے اختتام پرمیڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ بریگیڈیئر شفقت نوازکاکہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سرحد پار قیدیوں کے تبادلے ،اسمگلنگ کی روک تھام اور فائرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سر حدپار فائرنگ اور راکٹ برسانے کے معاملے پر یہ اتفاق کیا گیا ہے کہ ایسے واقعات سے اجتناب کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت قیدیوں کے تبادلے کے معاملات کوبھی دیکھے تاکہ قیدی اپنے پیاروں کو جلد مل سکیں ۔بی ایس ایف کے ڈی آئی جی محمد عاقل نے کہا کہ انہوں نے اپنے تحفظات پاکستان کے سامنے رکھے ہیں ۔ سہ ماہی میٹنگ ساڑھے چھ گھنٹے جاری رہی اورسرحدی محافظوں نے ایک دوسرے کو تحفے تحائف دیے۔ واہگہ پر پرچم اتارنے کی تقریب میں بی ایس ایف کے ڈی آئی جی محمد عاقل مہمان خصوصی بھی تھے ۔تقریب کے اختتام پر بریگیڈیئر شفقت نوازنے انہیں رخصت کیا ۔