Home » Gujranwala » امن کمیٹی کے اراکین نے دن رات امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی خدمات پیش کی جو قابل ستائش ہیں،سٹی پولیس آفیسر

امن کمیٹی کے اراکین نے دن رات امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی خدمات پیش کی جو قابل ستائش ہیں،سٹی پولیس آفیسر

گوجرانوالہ (سینئر رپورٹر) اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم کے ساتھ ساتھ ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین کی ذاتی دلچسپی ، محنت ،لگن اور دینی جذبے کے ساتھ بھر پور تعاون سے محرم الحرام نہایت عقیدت و احترام سے پرامن گذرا۔ امن کمیٹی کے اراکین نے دن رات امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی خدمات پیش کی جو قابل ستائش ہیں۔ جس کی وجہ سے پنجاب بھرخصوصاً گوجرانوالہ میں کوئی سنگین واقعہ رونما نہیں ہوا۔ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسرعبدالرزاق چیمہ نے گذشتہ روز اپنے آفس میں امن کمیٹی کے اراکین کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید محمود الحسن گیلانی ، ایس پی صدر سید جنید ارشد ، انسپکٹر سیکیورٹی ملک محمد نعیم، پولیس ترجمان عامر وسیم کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کی۔ کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دوران خطاب سی پی او نے کہا کہ احساس ذمہ داری ہی وہ عنصر ہے جس نے مجبور کیا کہ ہم سب مل کر سماج دشمن عناصر کے خلاف اکھٹے ہو جائیں اور وطن عزیز کی سالمیت کی خاطر اپنے فرائض نیک نیتی سے سرانجام دیں۔ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً گوجرانوالہ میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے وہ پولیس کے ہر اول دستہ ثابت ہونگے ۔ کیونکہ ہمارا دین ہمیں امن اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ ہم سب بھائی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اسی طرح اخوت و بھائی چارے کو قائم رکھتے ہوئے صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اور دشمنوں کے برے عزائم کو نہ صرف ناکام بنائیں بلکہ خاک میں ملا دیں۔اراکین نے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ہر معاملہ میں مشاورت کی اور اپنے ساتھ لے کر چلے۔ سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے معزز اراکین ضلعی امن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس کام میں خلوص نیت سے مشاورت ہو اس میں اللہ تعالی کی رضا شامل ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہر کسی نے محرم الحرام کے دوران خود کو وقف کئے رکھا اور نہایت ذمہ داری ، سنجیدگی اور دل جمعی سے اپنے اپنے فرائض منصبی ادا کئے ۔جس سے شہر بھر میں امن و امان کی صورت حال بہتر رہی ۔