Home » Gujranwala » وزیرآباد میں ایک ہی رات کے دوران تخریب کاروں نے5مقامات پرآگ لگاکر دہشت پھیلادی

وزیرآباد میں ایک ہی رات کے دوران تخریب کاروں نے5مقامات پرآگ لگاکر دہشت پھیلادی

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیرآباد میں ایک ہی رات کے دوران تخریب کاروں نے5مقامات پرآگ لگاکر دہشت پھیلادی ۔ لنڈا بازار، دارا صُلّے شاہ ، موتی بازار ،گلی شیشیانوالی اور کمیٹی والی میں 20دوکانیں، 4چنگ چی رکشا، ایک کاراور مکان کے دروازے کو تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔فائر بریگیڈ کی دوڑیں ۔ 20لاکھ روپے کا نقصان ۔شہری عدم تحفظ کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق آدھی رات کے بعد نا معلوم تخریب کار شہر میں متحرک ہوئے جنہوں نے تیل چھڑک کر مختلف مقامات پر آگ لگا کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر کر دیا۔اوور ہیڈ برج کے نیچے لنڈا بازار میں کم و بیش 20دوکانیں جلا دی گئیں۔دارا صُلّے شاہ میں کھڑی ایک چنگ چی رکشا اور ایک کار کو آگ لگا دی گئی۔ اس دوران ایک امام مسجد گلی سے گذرے تو آگ دیکھ کر شور مچایا اور اہل محلہ کو جمع کر لیاجنہوں نے کار کو مکمل جلنے سے بچا لیا تاہم چنگ چی رکشا تباہ ہو گیا۔گلی شیشیانوالی میں ندیم عرف حافظ کا چنگ چی رکشا جلا دیا گیا ۔گلی کمیٹی والی میں حکیم اللہ بٹ کا رکشا جلا دیا گیا۔موتی بازار میں چینی اور گھی کے تاجر شیخ سلامت کی دوکان میں آگ لگائی گئی جس پر اہل حلاقہ نے موقع پر پہنچ کر کا قابو پا لیا اور دوکان کو مکمل طور پر خاکستر ہونے سے بچا لیا۔ ماڈل کالونی کی گلی مسجدابرا ہیم والی میںایک مکان کے لکڑی کے دروازے کو آگ لگائی گئی جس کو پڑوسیوں نے دیکھا اور گھر والوں کو جگا دیا جنہوںنے آگ پر قابو پالیا۔ اسلام آباد موڑ کے قریب ایک محنت کش خاتون کے مکان کی دوسری منزل میں کوئی چیز پھینک کر آگ لگائی گئی۔ جس کو فائر بریگیڈ نے آکر بجھایا۔ایک روز قبل سڑک پر کھڑی ایک کار کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ آتشزدگی کی مختلف وارداتوں میں کم و بیش 20لاکھ روپے کا سامان جل کر تباہ ہو۔آتشزدگی کی پے در پے وارداتوں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی دوڑیں لگی رہیں مسلم لیگ(ن)شعبہ خواتین ضلع گوجرانوالہ کی صدر ایم این اے شاہین اشفاق، سینئر نائب صدر نسرین اشفاق، جنرل سیکریٹری غزالہ بیگم اور بنیلہ کوثر نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کر کے اظہار ہمدردی کیا۔شاہین اشفاق نے اخبار نویسوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ بظاہر یہ دہشت گردی کی قسم ہے جیسے پورے پاکستان میں مختلف انداز میں دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وارداتیںانتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہیں جن کی روک تھام کے لئے پولیس کو متحرک ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس ان واقعات کی تحقیق کرے اور اپنی رپورٹ فوری طور پر اعلیٰ حکام کو بھجوائے تاکہ اس کے مطابق حکمت عملی اختیا ر کی جائے۔